ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہیبلے گرام میں کچرا نکاسی کا مسئلہ: سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی یونٹ کی طرف سے گرام پنچایت افسران کو دیا گیا میمورنڈم

ہیبلے گرام میں کچرا نکاسی کا مسئلہ: سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی یونٹ کی طرف سے گرام پنچایت افسران کو دیا گیا میمورنڈم

Sat, 07 Mar 2020 10:24:15    S.O. News Service

بھٹکل،7/مارچ (ایس او نیوز) ہیبلے گرام پنچایت حدود میں واقع گھروں سے جمع کیا گیا کچرا پنچایت ملازمین کی طرف سے مسجد سیدنا ابراہیم، گورنمنٹ ہائیر پرائمری اُردو اسکول  اور اردو ہائی اسکول،جامعہ آباد کے پاس لاکر جمع کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے یہاں پر بسنے والوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔

    اس مسئلے کو حل کرنے اور کچرا نکاسی کا مرکز غیر آباد علاقے میں منتقل کر نے کا مطالبہ کرتے ہوئے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا ہیبلے گرام پنچایت یونٹ کی جانب سے پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسر اور صدر و اراکین گرام پنچایت کو ایک میمورنڈم پیش کیا گیا۔ میمورنڈم میں اس مسئلے کی نوعیت اور عوام کی پیش آرہی دشواریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسجد، اسکول اور رہائشی مکانات سے بھرے ہوئے اس علاقے میں پورے گرام پنچایت کا کچرا اور غلاظتیں لاکر پھینکنے سے یہاں پر بدبو، کیڑے اور مچھروں کے علاوہ جنگلی سوروں کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔ کچرا پھینکنے والے پنچایت ملازمین سے جب سوال کیا جاتا ہے تو وہ کچرے کے ڈھیر میں آگ لگادیتے ہیں جس سے زہریلا اور بدبو دار دھواں گھر وں میں رہنے والوں کے ساتھ اسکولی بچوں کے لئے بھی ناقابل برداشت ہوجاتا ہے۔ اس لئے پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسر فوری طور اس مسئلے کو حل کرے اور کچرا کسی غیر آباد علاقے میں پھینکنے کا انتظام کرے۔

    میمورنڈم میں پنچایت کے ذمہ داران کویہ مسئلہ حل کرنے کے لئے پندرہ دنوں کی مہلت دی گئی ہے اور انتباہ دیا گیا ہے کہ اگر اس دوران موجودہ مقام پر کچرا پھینکنا بند نہیں کیا گیا تو پھر سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی اور علاقے کے عوام کی طرف سے گرام پنچایت دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

    پی ڈی او جینتی نائک نے میمورنڈم قبول کیا۔اس موقع پر سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا ہیبلے گرام یونٹ کے صدر صدام حسین، نائب صدر ایوب ڈانگی، جنرل سیکریٹری یوسف ملا، خلیل بھنڈی، زمان بنگالی اور دیگر اراکین موجود تھے۔ 


Share: